اسلامی تنظیم آزادی کا یواین سیکرٹری جنرل سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کا مطالبہ
مقبوضہ جموں کشمیر میں اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لے جہاں لوگ مسلسل بھارتی بندوقوں کے سائے تلے جہنم جیسی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے محبوس سربراہ اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر حریت رہنما علیل عبدالصمد انقلابی کے ترجمان اور حریت رہنما محمد عمیر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیا کہ بھارت نے 10لاکھ سے زائد فوجی تعینات کر کے مقبوضہ جموں کشمیرکو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے اور کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں کو سلب کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے مسلسل جاری بدترین ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کووشکست دینے میں مکمل طورپر ناکام رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے اقدامات کریں تاکہ نہتے کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچایا جا سکے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ محبوس علیل عبدالصمد انقلابی کے نمائندے اسلام آباد پاکستان میں موجود عبدالمجید لون نے اپنے ایک بیان میں بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس مقابلہ کرنے کے سوا کوئی متبادل راستہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت اپنی پوری فوج بھی مقبوضہ کشمیر لے آئے تب بھی کشمیر ی عوام اپنے حقوق اور آزادی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے تمام تر منفی ہتھکنڈوں کے باوجود مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں پہلے سے زیادہ گونج رہا ہے انہوں نے کہاکہ یہ تمام طبقوں کے لے آخری سنہری موقع ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی کے لے کشمیری عوام کی جدوجہدمیں شامل ہوجائیں۔