بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پانچ نکاتی فارمولہ اہل سنت وجماعت کے اتحاد میں سنگ میل ثابت ہو گا ۔پیر سید مفتی محمد نوید الحسن شاہ مشہدی

 اہل سنت کے داخلی انتشار وفساد کے خاتمے ،اتحاد اہل سنت کی ضرورت واہمیت کو اجاگر،اتحاد اہل سنت کی کوششوں کو مضبو ط اور تیز کرنے ،اہل سنت کی عظمت رفتہ کی بحالی اور جماعت جلالیہ پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لیے جامعہ اسلام آباد کے زیر اہتمام 31 ویں سالانہ جلسہ دستار فضیلت اور سالانہ ختم بخاری شریف کے موقع پرعظیم الشان” اتحاد اہل سنت کانفرنس”نیوکیمپس جامعہ اسلام آباد ،روات اسلام آباد میں منعقد ہو ئی ۔شیخ الحدیث الحاج مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی صاحب سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھکھی شریف وسربراہ جماعت جلالیہ پاکستان نے صدارت جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی پرنسپل وشیخ الحدیث جامعہ اسلام آباد ومرکزی جنرل سیکرٹری جماعت جلالیہ پاکستان نے سرپرستی فرمائی۔کانفرنس میں صاحبزادہ پیرسید حامد سعید کاظمی سابق وفاقی وزیر مذہبی امور ، سابق ایم پی اے پیر میاں جلیل احمد شرقپوری مجددی آستانہ عالیہ شرقپور شریف ، پیر ڈاکٹر ساجد الرحمن سجادہ نشین بگھار شریف،پروفیسرمسعود اختر ہزاروی (برطانیہ)،جامعہ الازہرمصرسے ڈاکٹرخالدعبدالرزاق عبدالنبی، صاحبزادہ مفتی محمد رضا فراز محمدی سیفی آستانہ عالیہ محمدیہ سیفیہ ترنول اسلام آباد سمیت ملک بھر سے مشائخ عظام ،علمائے کرام اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنےوالی شخصیات نے ملک بھر سے شرکت کی ۔اس موقع پر سینکڑوں حفاظ وقراء ،علمائے کرام اور مفتیا ن عظام کی دستار بندی وجبہ پوشی کی گئی ۔الحاج مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سجادہ نشین درگاہ مقدسہ بھکھی شریف وسربراہ جماعت جلالیہ پاکستان نے درس بخاری شریف دیا اور خطاب فرماتے ہوئے اتحاد اہلسنت کیلئے پانچ نکاتی فارمولہ پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اہل سنت وجماعت کے دینی مدارس کے بورڈز کے سربراہان ایک مشترکہ مصالحتی بورڈ تشکیل دیں جو اہل سنت وجماعت میں مصالحت کا کردار ادا کرے ۔اہل سنت وجماعت کے مسلمہ عقائد ونظریات کی پابندی کی جائے اور مسلمات کو نہ چھیڑا جائے ۔اکابرین اہل سنت وجماعت ایسا فارمولہ طے کریں جس سےالیکشن میں سنی ووٹ تقسیم ہونے سے بچایا جائے ۔اہل سنت وجماعت میں داخلی انتشار وفساد کے خاتمہ کے لیے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کی بجائے مل بیٹھ کر باہمی احترام کے ساتھ مسائل کو حل کیا جائے اور اصلاح کا راستہ اپنایا جائے ،تمام اہل سنت وجماعت کی تنظیموں کے قائدین،کارکنان اور علماء ومشائخ احترام باہمی کو ملحوظ خاطررکھیں،اہلسنت کے اتحاد و اتفاق اور باہمی یگانگت کے لیے کسی گرینڈ اجلاس کی ضرورت ہو تو ہم قائدین کی شان کے مطابق جملہ انتظام و انصرام کو سعادت سمجھیں گے۔صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے کہا کہ اتحاد اہل سنت کے بغیر وقار اہل سنت کا حصول ممکن نہیں ۔

صاحبزادہ میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا کہ اہل سنت کے وسیع تر مفاد کیلئے مل بیٹھنے اور باہمی مکالمہ سے ہی اتحاد اہل سنت کی راہ ہموار ہو گی ۔ صاحبزادہ پیرڈاکٹر ساجد الرحمن نے کہا کہ اتحاد اہلسنت وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لیے مؤثر کاوشیں ہونی چاہییں ۔ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے اتحاد اہلسنت کیلئے کاوشیں کرتے آئے ہیں اور یہی ہمارا مقصد حیات ہے کہ اہل سنت کی عظمت رفتہ بحال ہو سکے ۔ جامعہ اسلام آباد کی انتظامی ٹیم نے کانفرنس کے بہت عمدہ انتظامات کر رکھے تھے اور اختتام پر شرکاء کو لنگر شریف بھی پیش کیا گیا ۔

اشتہار
Back to top button