بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں گڑ بڑ کی جا رہی ہے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ نتائج میں گڑ بڑ کی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن زبردستی کسی کو حق سے محروم نہ کرے، آر اوز ہمیں رزلٹ فراہم نہیں کر رہے، دھاندلی کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ ہم کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں سادہ اکثریت کی طرف جا رہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں 25 فیصد ٹرن آؤٹ رہا ہے، کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کا ساتھ دیا ہے، ہم سمجھتے ہیں سادہ اکثریت کی طرف جا رہے ہیں، جماعت اسلامی 100 کے قریب نشستوں پر کامیاب ہوگئی ہے، 10 سے 15 یوسیز میں ابہام ہے۔

رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نتائج میں گڑبڑ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، اکثریت کو کم کرنے کی سازشیں جاری ہیں، آر اوز بلدیاتی انتخابات کے نتائج روک کر بیٹھے ہیں، سازشیں جیسے پہلے ناکام ہوئیں اب بھی ناکام ہوں گی، لوگوں کا جماعت اسلامی پر اعتماد ہے، لوگوں کا اعتماد ہم پر قرض ہے ، ہمارا فرض ہے ہم اس مینڈیٹ کا تحفظ کریں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کئی مقامات پر نتیجہ زبردستی تبدیل کرا دیا گیا ہے، فارم 11 نہ لیتے تو ہمیں کنارے لگا دیا جاتا، جو آر اوز نتیجہ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں روکا جائے، پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن کسی کو اس کےحق سے محروم نہ کریں، کبھی کوئی کام طریقے سے بھی کرنا سیکھ لیں، ہمیں ہمارا حق دیں اور اس مسئلے کو اگلے چند گھنٹوں میں سلجھا دیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ الیکشن کا نتیجہ فارم 11 کے مطابق آنا چاہیے، جماعت اسلامی نے بہت محنت کی ہے، جماعت اسلامی کے میئر کو آنے سے زبردستی روکا گیا تو سارے آپشن موجود ہیں، ہمیں بہت سی جماعتوں کے سپورٹرز نے بھی ہمیں ووٹ دیا، سازشیں ناکام ہوئیں تو سب کو ساتھ لیکر چلیں گے، ہم عوام کے مفاد کو سامنے رکھیں گے۔

Back to top button