بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

تندور کے ذریعے سعودی عرب منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے تندور کے ذریعے سعودی عرب منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

اے این ایف ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل میں نجی کوریئر آفس سے 56 کلوگرام آئس برآمد کرلی گئی ۔ منشیات تندور کے ذریعے سعودی عرب بھیجی جارہی تھی ۔

ترجمان نے بتایا کہ کارروائی میں جدہ بھیجے جانیوالے تندوروں سے جذب شدہ آئس برآمد کی گئی ہے، 6 تندوروں سے مجموعی طور پر 56 کلو جذب شدہ آئس برآمد ہوئی ہے جبکہ کورئیرکے ذریعے سامان بھیجنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم اقرار احمد کی معلومات پر مزید چھاپے مارے گئے، ملزم نے بس کے ذریعے مزید 5 تندور کراچی پہنچنے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد 2 تندور سہراب گوٹھ اور 3 تندور لیاری سے برآمد کیے گئے ہیں جبکہ 11 تندوروں سے مجموعی طور پر88 کلو 500 گرام آئس برآمدکی گئی ہے۔

ترجمان کا بتانا تھا کہ ایک اور کارروائی میں باچہ خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرمسافر کے پیٹ سے 120 چرس بھرے کیپسولز برآمد کرلیے گئے ، ملزم کا ساتھی بھی گرفتارکرلیا گیا ۔

علاوہ ازیں اے این ایف نے لاہورانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خاتون سمیت2 ملزمان کےبیگ سےساڑھے 7 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی ۔

Back to top button