بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اسلام آباد میں یونین کونسل کی تعداد بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری، بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا خدشہ

وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اسلام آباد میں یونین کونسل کی تعداد میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے بعد بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا خدشہ مزید قوی ہوگیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی یونین کونسلز کی تعداد 125 کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کے لیے کابینہ کو سمری ارسال کردی تھی جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ دارالحکومت کے بلدیاتی انتخابات تاخیر کا شکار ہوجائیں گے۔

وفاقی وزارت داخلہ سے جاری کی گئی سمری میں کہا گیا تھا کہ آبادی میں اضافے کے پیش نظر یونین کونسلز کی تعداد میں اضافہ ہونا چاہیے۔وزارت داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں 2017 کی مردم شماری کی بنیاد پر 101 یونین کونسلز قائم کی گئی تھیں، مردم شماری کے 5 برس بعد آبادی میں اضافہ ہو گیا ہے لہٰذا موجودہ آبادی کے تناسب سے اسلام آباد کی یونین کونسلز کی تعداد 125 ہونی چاہئیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو شیڈول ہیں تاہم گزشتہ روز کابینہ سے یونین کونسل کی تعداد میں اضافے کی سمری منظور ہونے اور وزارت داخلہ کی جانب سے آج باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد خدشہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر نہیں ہوسکیں گے۔

اشتہار
Back to top button