بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن فیصل آباد کا کوئلہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں ،اینٹوں کی سیل نہ ہونے اور ریٹ میں مسلسل کمی کی وجہ سے 15دسمبر کو پتھیر جبکہ 30دسمبر کو بھٹے مکمل بند کرنے کااعلان


بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن فیصل آبادنے کوئلہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں ،اینٹوں کی سیل نہ ہونے اور ریٹ میں مسلسل کمی کی وجہ سے 15دسمبر کو پتھیر جبکہ 30دسمبر کو بھٹے مکمل بند کرنے کااعلان کردیاہے۔ فیصلہ کی خلاف ورزی کرنے پر پتھیربند نہ کرنے والے کو 3لاکھ روپے جبکہ 30دسمبر کو بھٹہ نہ بند کرنے کی صورت میں 5لاکھ روپے جرمانہ کرنے کابھی فیصلہ کرلیاہے ۔ اس امر کا فیصلہ ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عارف گجرکی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس میں تمام ممبران کی رائے سے یہ بھی طے پایا گیا کہ پختہ اینٹوں کا ریٹ 13ہزار روپے فی ہزار برقرار رکھا جائے گا ۔ خطاب کرتے ہوئے صدر چوہدری عارف گجر اور مرکزی سینئر لیڈر میاں فرمان نے کہا کہ جتنے برے حالات بھٹے کے کاروبار کے آج ہیں اس کی ماضی میں تاریخ نہیں ملتی۔ لیبر کے اخراجات، اینٹوں کی تیاری کی لاگت کئی گنا بڑھ گئی ہے جبکہ اینٹوں کے ریٹ کم ہو رہے ہیں اگر یہی حالات رہے تو بھٹہ انڈسٹری دیوالیہ ہو جائے گی ۔انہوںنے پورے ضلع کے بھٹہ مالکان سے اپیل کی کہ اینٹوں کی قیمتوں میں فی الفور 3ہزار روپے کا اضافہ کر دیں ورنہ ان کے کاروبار کو تباہ ہونے سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔ اجلاس میں زاہد اقبال سرویا، واجد گورایہ، میاں نوید، چوہدری امجد جٹ، حاجی الیاس بلو،حاجی اکرم پٹواری،ملک برہان،میاں شاہد مقبول،غلام فرید، میاں کاشف، میاں ذیشان، چوہدری فصیح باجوہ، اکرم گجر، حاجی اسلم رحمانی، رانا کاشف، حاجی دلشاد،رانا عباس،چوہدری افضل جٹ،رانا اشرف، چوہدری عمران شاہد رحمانی،میاں مجاہد اور دیگر بھٹہ مالکان بھی موجود تھے ۔    

اشتہار
Back to top button