بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سندھ کا یوم ثقافت، وزیراعظم، بلاول بھٹو، عمران خان کی مبارکباد

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں سندھ کے یوم ثقافت پر اہل سندھ کو مبارکباد پیش کی۔یوم ثقافت سندھ پر وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کی ثقافت انڈس اور اسلامی تہذیب کا حسین امتزاج ہے، سندھی ثقافت کی ماں، موہنجو داڑو ہے، سندھ کی اجرک، ٹوپی، رلی، لوک ادب، موسیقی اور کھانے اپنی ایک منفرد پہچان رکھتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ دنیا بھی اس پر متفق ہے کہ ثقافتی تنوع انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہے، پاکستانی ثقافت، آرٹ اور ادب کو فروغ دینا پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے، پاکستانی نوجوان اپنی ثقافت کو دنیا میں جدید انداز سے اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔شہباز شریف نے سندھ کی ثقافت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزار برس سے سندھ کی تہذیب اپنی تقافت سے خوبصورتی کا رنگ بھرتی آ رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ آج باب الاسلام سندھ کا تقافتی دن ہے، یہ پاکستان میں وفاق کی ایک اکائی کی خوبصورتی اجاگر کرنےکا دن ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ تمام سندھی بہنوں اور بھائیوں کو اس دن پر بے حد مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے سندھ کے یومِ ثقافت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم سندھ کی شاندار ثقافت اور روایات کا جشن منا رہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سندھ کے یومِ ثقافت کے موقع پر جاری کیے گئے بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ صوفیائے کرام کی سر زمین ہے، افسوس کہ یہ سر زمین زرداری مافیا کے ظلم و ستم کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اپنی عظمت اور آزادی کے لیے دوبارہ ظالم کے خلاف اٹھے گا۔

کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الریمیتی نے سندھ کلچرل ڈے کے موقع پر اردو میں خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔قونصل جنرل بخیت عتیق الریمیتی نے شلوار قمیض زیب تن کر کے سندھ کا ثقافتی پہناوا اجرک اور ٹوپی بھی پہنی۔انہوں نے سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر اردو میں خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔بخیت عتیق الریمیتی نے کہا ہے کہ سندھ کی ثقافت کے ساتھ آج ہم کلچرل ڈے منا رہے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نے سندھ کے عوام بالخصوص سندھ حکومت کو اس دن کے موقع پر مبارک باد بھی پیش کی ہے۔

جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر بھی سندھ کی ثقافت کے رنگ میں رنگ گئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں جرمن قونصل جنرل نے سندھی میں کلچرل ڈے کی مبارک باد دیتے ہوئے جرمن پرچم کے رنگ کی سندھی ٹوپی پہنی۔ڈاکٹر روڈیگر نے اپنے بیان میں سندھی ثقافت اور پاک جرمن دوستی زندہ باد کا پیغام بھی دیا۔جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سر زمین ہے، صوفیوں نے سندھ میں امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

 

اشتہار
Back to top button