آج 29 نومبر یوم اظہار یکجہتی فلسطین

فلسطینی عوام کی اخلاقی ،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے


اسپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی  نے واضح کیا ہے کہ دنیا  میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ فلسطین  سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کا منصفانہ حل ضروری ہے، پاکستان علاقائی و عالمی فورم  پر مسئلہ فلسطین کو  اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے  فلسطینی عوام کی اخلاقی ،سفارتی اور سیاسی  حمایت جاری رکھے گا۔ ان خیالات اظہار انھوں نے آج  29 نومبر   یوم اظہار یکجہتی فلسطین کے موقع پر اپنے پیغامات میں کیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے  اس  موقع پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے  فلسطینی عوام کی حق خود ارادیت  کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے  کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے 1967 سے پہلی والی سرحدوں اور القدس الشریف  کو اس کا دارلخلافہ بنانے  کے مطالبے کی پرزور حمایت کرتا ہے۔

یاد رہے کہ  یوم یکجہتی فلسطین اقوام متحدہ کی فلسطین پر 1977  کو منظور  کی جانے والی قراردادوں کے تحت منایا جاتا ہے۔

اسپیکر نے اسرائیل کی جانب سے  فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم  کے خاتمے کیلئے  مسلم امہ کو  اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت  پر زور دیا۔ انہو ں نے کہا کہ 29 نومبر 1947 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطینی علاقوں کو  تقسیم کر کے  عرب مسلم ریاست، یہودی ریاست اسرائیل  قائم کرنے اور ییرو شلم کو  اقوام متحدہ کے زیر کنٹرول رکھنے کی قرار داد منظور کی۔ تاہم 1967 میں فوجی طاقت کے بل بوتے پر اسرائیل نے متعدد فلسطینی علاقوں پر  ناجائز قبضہ  کر  لیا  اور  ان علاقو ں میں سکونت پذیر فلسطینیوں   کو  بے دخل کر کے ہجرت کرنے پر مجبور کر دیا۔  انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے قیام سے آج تک فلسطینیوں کو ان کی آبائی سر زمین سے بے دخل کرنے کیلئے فوجی طاقت کے ذریعہ  نہتے فلسطینیوں پر مظالم ڈھاتا رہا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ آج بھی لاکھوں فلسطینی  ہمسایہ مسلم ممالک میں کیمپوں میں  زندگی بسر کر نے پر مجبور  ہیں۔ 

اسپیکرنے کہا کہ گزشتہ  کئی  دہائیوں سے فلسطینی اپنی آزادی  کے حصول کیلئے  جدو جہد کر رہے ہیں اور اس جدوجہد میں بچوں، بوڑھوں اور عورتوں سمیت  ہزارو ں نوجوان شہید ہو چکیں ہیں۔  انہوں نے تمام مسلم ممالک کو فلسطین کی آزادی کے لیے آپس میں اتحاد قائم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے اور اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے مطابق  مسئلہ  فلسطین کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ آج کا دن ہمیں 29 نومبر 1947 کی یاد دلاتا ہے جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی  نے  اس قرارداد کی یاد دلاتا ہے جس کی روشنی میں فلسطین اور اسرائیل مسلم اور یہودی ریاست کے طور پر معرض وجود میں   قائم کی گئی۔ انہوں نے  1967 والی  سرحدوں کے مطابق  آزاد فلسطین ر یاست کے قیام کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ   سے کہا کہ  وہ فلسطین کی آزادی اور فلسطینیوں کی وطن واپسی کیلئے اپنی قرار داد پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔

Exit mobile version