صوبائی حکومتیں سیلاب متاثرہ افراد کی مشکلات کم کرنے کیلئے کردار ادا کریں:وزیراعظم
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تمام صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ گندم کی بوائی کا سیزن شروع ہوتے ہی سیلاب زدہ علاقوں کے کسانوں کو بیج فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں پچاس فیصد حصہ پر لاگت برداشت کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے بہت اچھے معیار کے بیجوں کی خریداری کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے ایسے اضلاع کا انتخاب کیا ہے جہاں انہیں وفاقی حکومت کے ریلیف کی ضرورت ہے لیکن خیبرپختونخوا اور پنجاب نے اسے ماننے سے انکار کر دیا ہے۔
وزیراعظم نے دونوں صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ گندم کی قلت نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نجی شعبے کو گندم درآمد کرنے کی اجازت نہیں دے رہی کیونکہ وہ قومی خزانے کا ایک ایک پیسہ بچانا چاہتی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت گزشتہ چار سالوں کے دوران گندم کی طلب اور رسد کے درمیان پیدا ہونے والے فرق کو پر کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی اس تباہ کن صورتحال کا غلط استعمال کرنے اور منافع کمانے یا ذخیرہ اندوزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران جاں بحق، زخمی یا کسی اور طرح سے متاثر ہونے والوں کے لواحقین میں نقد امدادی رقم کی تقسیم کا عمل شفاف طریقے سے جاری ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ دیگر ضروری اشیا جیسے خیمے، ادویات، فوڈ پیکجز، پانی اور مچھر دانی ہر سیلاب سے متاثرہ علاقے کی ضرورت کے مطابق ملک بھر میں تقسیم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین ہمیں آنے والے سرد موسم کے لیے اعلی معیار کے موسم سرما کے خیمے فراہم کرے گا۔