بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ضمنی انتخابات کے نتائج اس بات کا ثبوت ادارے آئینی حدود میں کردار ادا کر رہے، رانا ثنا اللہ

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ اتوار کو قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے ہوئے۔پیر کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ادارے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان خاص طور پر ضمنی انتخابات کو ذمہ دارانہ اور غیر جانبدارانہ انداز میں کرانے پر تعریف کا مستحق ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بے بنیاد ہتک آمیز پروپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں۔

رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی قیادت چاہتی ہے کہ ہم اپنے ووٹرز کا فیصلہ تسلیم کریں تو انہیں بھی پی ڈی ایم کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دینے والوں کا فیصلہ تسلیم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری انداز اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے نتائج کو قبول کیا جاتا ہے۔

مختلف حلقوں میں پی ایم ایل (این) کے امیدواروں کے حق میں ووٹوں کی نشاندہی کرتے ہوئے، وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بار ان کی پارٹی نے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ہم نے بھی جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا۔

رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ عام انتخابات وقت پر ہوں گے اور اس وقت پی ٹی آئی کو اپنی صوبائی حکومتوں کی حمایت حاصل نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل فیصلے کر کے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔انہوں نے مہنگائی میں کمی اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

اشتہار
Back to top button