یونیورسٹی آف تربت شعبہ کمپیوٹر سائنس کے زیراہتمام یونیورسٹی کےمین کیمپس میں سپیڈ پروگرامنگ مقابلہ کا انعقاد کیاگیا
یونیورسٹی آف تربت شعبہ کمپیوٹر سائنس کے زیراہتمام یونیورسٹی کےمین کیمپس میں سپیڈ پروگرامنگ مقابلہ کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں بی ایس سی ایس پروگرام کے طلباء نے شرکت کی۔
سپیڈ پروگرامنگ مقابلہ بی ایس سی ایس کے طالب علموں پرمشتمل مختلف ٹیموں کے درمیان ہوا۔ ہر ٹیم تین ارکان پر مشتمل تھی۔ ٹیموں کو مختلف پروگرامنگ زبانوں بشمول C, Cاور Python میں پروگرامنگ کے لیے مختلف ٹاسک دیئے گئے تھے جن کو مکمل کرنے کے لئے ٹیموں کو دو گھنٹے کاوقت دیاگیاتھا۔
اس موقع پرشعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین مختار حسین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طالب علموں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پرمنعقد ہونے والے مختلف مقابلوں میں شرکت کرنے کے لیے تیار کرنے کے علاوہ اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لئے تیار کرنا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ آئندہ بھی ہر سمسٹر میں پروجیکٹ نمائش اور ڈیزائنگ مقابلوں کے علاوہ دیگر تخلیقی سرگرمیوں کا یونیورسٹی میں انعقاد کیاجائے گا تاکہ طالب علموں کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کیاجاسکے۔
شعبہ کمپیوٹرسائنس کے چیئرمین مختارحسین نے یونیورسٹی میں آئی ٹی سہولیات میں اضافہ کرنے اور شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مزید وسعت دینے کے لئے خصوصی توجہ دینے پروائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر جان محمد کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر شعبہ کمپیوٹر سائنس کے فیکلٹی ممبران بالاچ خان، انجینئر بلال الرحمان، ظہور احمد، محمد سمیر، محمد عاصم اور یونیورسٹی کے ویب ڈویلپر جنید قادر بھی موجود تھے۔
سپیڈ پروگرامنگ مقابلے کے بارے میں اپنے تاثرات دیتے ہوئے طالب علموں کاکہناتھا کہ اس طرح کی تعلیمی سرگرمیوں سے ہمیں آئی ٹی سے متعلق جدید ترین رجحانات اور ٹیکنالوجیز کو سمجھنے اور ہمیں اپنی صلاحیتوں کومزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی اورہم اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں ترقی کرسکیں گے۔