پاکستان کو پائپ لائن گیس سپلائی ممکن ہے، روسی صدر ولادمیر پیوٹن

روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی آر آئی اے کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائپ لائن گیس سپلائی ممکن ہے اور انکشاف کیا کہ گیس کی فراہمی کے لیے ضروری انفرااسٹرکچر پہلے سے موجود ہے۔

ولادیمیر پیوٹن نے ان خیالات کا اظہار ازبکستان کے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیر اعظم آفس کےمیڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف سے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے ملاقات کی، دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پراسلام آباد سے ازبکستان پہنچے ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔

Exit mobile version