آئی ایم ایف کی جانب سے 1ارب 16 کروڑ ڈالر کی قسط موصول

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے ایک ارب 16کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہوگئی۔مرکزی بینک کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کی جانب سے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت ساتواں اور آٹھواں مشترکہ جائزہ مکمل ہونے کے بعد آج ایک ارب 16کروڑ ڈالر موصول ہو گئے ہیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ یہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر کرنے میں مدد دے گا، اور دو طرفہ اور کثیر الجہتی ذرائع سے دیگر طے شدہ رقوم کی وصولی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔یاد رہے کہ 29 اگست کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے بورڈ نے قرض بحالی پروگرام کی منظوری دے دی تھی۔

Exit mobile version