اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے غیر ضروری اور پرتعیش اشیا کی درآمد پر پابندی ختم کرنے کی منظوری دیدی۔
ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ہوا، جس میں یہ منظوری دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 30 جون سے 31 جولائی تک باہر سے آنے والی سامان کی کھیپ سرچارج کی ادائیگی کے ساتھ جاری کرنے کی سفارش کی ہے۔
ای اسی سی اجلاس میں وزارت خزانہ نے بتایا کہ گاڑیوں، موبائل فونز سمیت 860 اشیا پر سے پابندی ہٹا دی گئی۔ ان اشیا کا تعلق 33 مختلف کیٹگریز سے ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ درآمدی اشیا پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ تجارتی شراکت داروں کے مطالبے پر کیا گیا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 19 مئی کو 3 ماہ کیلئے پابندی عائد کی تھی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت توانائی کی سفارش پر نئے ایل این جی ٹرمینلز اور متعلقہ تنصیبات کو تیسرے فریق کے جائزے سے مستثنی قرار دینے اور ایل این جی پالیسی 2011 کی شق چھ اعشاریہ دو A میں ترمیم کی منظوری دے دی۔وزارت تحفظ خوراک و تحقیق کی طرف سے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے لئے تین لاکھ میٹرک ٹن گندم مختص کرنے کی سمری پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت کو عارضی بنیادوں پر لگائے گئے چارجز کی مکمل تفصیلات اور خزانہ ڈویژن کی رائے کے ساتھ دوبارہ سمری پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔