75واں یوم آزادی، صدر اور وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام

پاکستان کی آزادی کو 75 سال مکمل ہونے پر صدرِ مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے قوم کے نام پیغام دیا گیا ہے۔صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج کا دن مادر وطن کے حصول کے لیے قائداعظم کی قیادت میں لاتعداد قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا پاک فوج  اور قانون نافذ کرنے والے شہدا کی قربانیوں کو  نہیں بھولیں گے، شہدا نے مادر وطن کی سلامتی کے لیے جانوں کانذرانہ پیش کیا۔

صدر مملکت نے یوم آزادی کے موقع پر کشمیروں کی آزادی جدوجہد پر کہا کہ یواین قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کےحق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ 75 واں یومِ آزادی پاکستانی قوم کے لیے ایک تاریخی دن ہے، پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں تھا۔

شہباز شریف نے کہا قیامِ پاکستان بابائے قوم قائدِ اعظم کی انتھک محنت اور جدوجہد سے ممکن ہوا، شروع دن سے ملک کو مصائب کا سامنا رہا مگر قوم کے جذبے کے آگے تمام مصائب گھٹنے ٹیکتے گئے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سماجی و معاشی برابری، قانون کی حکمرانی اور مساوات پر مبنی مملکت کا خواب ہمارے آباؤ اجداد نے دیکھا تھا، ہم اس خواب کو ابھی تک مکمل شرمندۂ تعبیر نہیں کر سکے۔

Exit mobile version