یوٹیلیٹی سٹورز پر دالیں مہنگی، نوٹیفکیشن جاری
یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالوں کے سرکاری ریٹ بڑھا دیے گئے ہیں۔دالوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مختلف دالوں کی قیمتوں میں 48 روپے فی کلو تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر کالے چنے کی فی کلو قیمت میں 48 روپے، ثابت مسور کی فی کلو قیمت میں 35 روپے، دال مسور کی فی کلو قیمت میں 40 روپے، دال مونگ اور چنے کی دال کی فی کلو قیمت میں 30، 30 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد کالے چنے کی فی کلو قیمت 172 روپے سے بڑھا کر 220 روپے، دال مسور کی قیمت 270 روپے سےبڑھاکر 310 روپے فی کلو، ثابت مسور کی قیمت 275 روپے سے بڑھا کر 310 روپے، دال مونگ کی قیمت 170 روپے سے بڑھاکر 200 روپے اور چنا دال کی قیمت 190 روپے سے بڑھا کر 220 روپے فی کلو کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 950 گرام چائے کی قیمت میں 300 روپے، ایک لیٹر برانڈڈ دودھ کی قیمت میں 20 روپے جبکہ 260 گرام شہد کے جار کی قیمت میں 115 روپے تک کا اضافہ کیا گیا تھا۔