امریکہ کے ساتھ مشترکہ مفادات کی بنیاد پر کثیر نوعیت کے تعلقات چاہتے ہیں،آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی کمانڈر سینٹ کام کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، باہمی دلچسپی اور علاقائی استحکام، دفاعی، سیکیورٹی تعاون پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا، امریکی کمانڈر سینٹکام نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا، علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، امریکہ کے ساتھ مشترکہ مفادات کی بنیاد پر کثیر نوعیت کے تعلقات چاہتے ہیں۔