صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو معیاری تعلیم اور ہنر فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوانِ صنعت و تجارت برائے خواتین پشاور کے وفد نے ملاقات کی۔
اس موقع پر صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ صنعتی و اقتصادی شعبوں میں تیز رفتار بنیادوں پر خواتین کی شمولیت یقینی بنانے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے، خواتین ملکی آبادی کا تقریبا 50 فیصد ہیں ، کام کی جگہ پر انکے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا ، خواتین کو معیاری تعلیم اور ہنر فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے، خواتین کی جائیداد اور وراثتی حقوق کے حوالے سے مقامی روایات کو بدلنے کی ضرورت ہے ، خواتین کو مذہب اور آئین کے مطابق تمام وراثتی حقوق دیئے جانے چاہیے، خواتین کو وراثتی جائیداد میں ان کا حصہ دلانے کے لیے قانون سازی کی گئی ، قانون کے تحت اگر کسی خاتون کی جائیداد پر قبضہ کیا گیا ہو تو اسے حکومت خالی کرائے گی، بینک خواتین کو آسان شرائط و ضوابط پر کاروباری قرضے فراہم کر رہے ہیں، ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس خواتین کو کاروبار شروع کرنے ، موجودہ کاروبار کو بہتر بنانے کیلئے قرض حاصل کرنے میں مدد کریں ، پاکستان میں خواتین کی افرادی قوت میں شرکت کی شرح دنیا میں سب سے کم ہے جو کہ افسوسناک اور انتہائی تشویشناک امر ہے، اسلام میں عورتوں کے کاروبار، تجارت یا دیگر معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر کوئی پابندی نہیں ، خواتین کو بااختیار بنانے کے خلاف سماجی مزاحمت پر قابو پانے کے لیے حضرت خدیجہ کی مثال کو اجاگر کرنا چاہیے ، وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کو عدالتوں میں پہلے سے زیرسماعت خواتین کی شکایات سننے کا اختیار بھی دیا گیا ہے ، پشاور خواتین چیمبر، خواتین کی تربیت اور انکی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیے ٹیوٹا پنجاب اور فیس بک کے پروگراموں سے فائدہ اٹھانے کیلئے کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی کریں، ایمیزون ایک اور موثر پلیٹ فارم ہے جسے کاروباری خواتین اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیے استعمال کر سکتی ہیں۔