بلوچستان میں طوفانی بارشیں، ڈیم ٹوٹ گیا،مواصلاتی نظام کو بھی نقصان
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے برساتی نالے بپھر گئے جب کہ صوبے میں مواصلاتی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
بلوچستان کے ضلع قلات، خضدار، آوران، تربت، قلعہ سیف اللہ، لسبیلہ،کوژک ٹاپ، چمن اور کوہلو سمیت کئی علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوئیں جب کہ لورالائی کے نواح میں قائم ڈیم ٹوٹ گیا۔
چمن میں سیلابی ریلوں سے فائبر آپٹک کو نقصان پہنچا اور بینکوں کا سرور ڈاؤن ہوگیا جس سے اے ٹی ایم سروسز بند ہوگئیں جب کہ کئی علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بھی معطل ہوگئیں۔
لسبیلہ کے شہربیلہ میں بارشوں کے باعث بڑا باغ بند میں شگاف پڑگیا جس سے شہرکا اسماعیلانی گوٹھ سے رابطہ منقطع ہوگیا جب کہ کپاس کی فصلوں کو بھی نقصان ہوا۔
لسبیلہ کےعلاقے سالاری میں پھنسے37 افراد کو محفوظ مقامات پرمنتقل کردیا گیا اور کوژک ٹاپ پرکوئٹہ چمن شاہراہ آمدورفت کے لیے بحال کردی گئی۔
ادھر ہوشاب میں ایف سی نے برساتی نالے میں پھنسے 4 افراد کو بچالیا جب کہ صوابی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں، بیٹی جاں بحق اور 3افراد زخمی ہو گئے ۔
دوسری جانب نیلم آزاد کشمیر، بھمبر، باغ، سوات اور مینگورہ سمیت کئی شہروں میں بھی بارشیں ہوئیں۔