عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے 6 سال بیت گئے
بابائے خدمت، معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی ایک گھنا شجر جس کے سائے سے محروم ہوئے 6 برس بیت گئے، دکھی انسانیت کی خدمت ہی ان کا مقصدِ حیات تھا۔
عبدالستار ایدھی 28 فروری 1928ء کو بھارت کی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے، انہوں نے 11 برس کی عمر میں اپنی ماں کی دیکھ بھال کی جو ذیابیطس میں مبتلا تھیں۔
انہوں نے خدمتِ خلق کا یہ سفر 1954ء میں 2 ہزار روپے میں خریدی گئی پہلی ایمبولینس سے شروع کیا۔
2006ء میں انہوں نے ایدھی انٹرنیشنل ایمبولینس فاؤنڈیشن کے قیام کا اعلان کیا، جس کے تحت دنیا کے کسی بھی ملک کو ایمبولینس عطیہ کی جاتی ہیں اور انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ 5 سال تک انہیں استعمال کرنے کے بعد فروخت کر دیں اور حاصل ہونے والے رقم کو سماجی خدمات کے لیے استعمال کریں۔
ایدھی کی سماجی خدمات کے صلے میں انہیں متعدد قومی اور بین الاقوامی اعزازت سے نوازا گیا۔
عبدالستار ایدھی 8 جولائی 2016ء کو 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
عبدالستار ایدھی کو ناصرف سرکاری اعزاز کے ساتھ دفن کیا گیا بلکہ ان کے انتقال پر ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان بھی کیا گیا۔