قومی
پاکستان نے اودے پور قتل کیس تحقیقات سے متعلق بھارتی رپورٹس مسترد کردیں
پاکستان نے بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع اودے پور میں قتل کیس کی تحقیقات سے متعلق بھارتی میڈیا کی رپورٹس مسترد کردیں،ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخاراحمد کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا رپوٹس میں اودے پور قتل کیس کی تحقیقات میں ملزمان کو پاکستان میں ایک تنظیم سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے مگر ہم واضح طور پر اس طرح کے کسی بھی اشارے کو مسترد کرتے ہیں۔
عاصم افتخاراحمد کا کہنا تھا کہ ایسے ہتھکنڈے بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ بی جے پی حکومت اپنے اندرونی مسائل کو چھپانے کیلئے پاکستان پر الزام تراشی کرتی رہی ہے مگر اس طرح کی بدنیتی پر مبنی کوششیں عوام کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گی۔