کیوی دیس میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول جاری
آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کرے گی۔
ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں 7 سے 14 اکتوبر تک کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز میں پاکستان سمیت میزبان نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود پاکستان سہ فریقی سیریز میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔ سہ فریقی سیریز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں8 اکتوبر کو پہلی مرتبہ مدمقابل آئیں گی۔
سیریز کا فائنل 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم 11 اکتوبر کو دوبارہ نیوزی لینڈ اور 13 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔
سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوجائے گی، جہاں کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو میلبرن میں بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ میگا ایونٹ میں پاکستان اپنے اگلے دو میچز 27 اور 30 اکتوبر کو پرتھ میں کوالیفائینگ ٹیموں کے خلاف کھیلے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم 3 نومبر کو سڈنی میں جنوبی افریقہ اور 6 نومبر کو ایڈیلیڈ میں بنگلہ دیش کے خلاف مدمقابل آئے گی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ میں شیڈول سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کرنے پر بہت مسرور ہیں کیونکہ یہ سیریز آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے میگا ایونٹ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔
بابر اعظم نے کہا کہ وہ ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کے آخری دورہ نیوزی لینڈ میں کوئی بھی میچ نہیں کھیل سکے تھے، لہٰذا وہ دو مضبوط ٹیموں کے خلاف ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں سیریز کھیلنے کے منتظر ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کے بعد 4 اکتوبر کو کرائسٹ چرچ روانہ ہوگی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 7 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 2 اکتوبر کو مکمل ہوگی۔ اس سے قبل، پاکستان کرکٹ ٹیم اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں شرکت کرے گی۔ سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلا جانے والا ٹورنامنٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔
سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کا شیڈول:
7 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ، بوقت دوپہر 12 بجے پاکستان ٹائم
8 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ، بوقت دوپہر 12 بجے پاکستان ٹائم
9 اکتوبر: نیوزی لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے پاکستان ٹائم
11 اکتوبر: نیوزی لینڈ بمقابلہ پاکستان بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے پاکستان ٹائم
12 اکتوبر: نیوزی لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے پاکستان ٹائم
13 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے پاکستان ٹائم
14 اکتوبر: فائنل بمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ بوقت صبح 8 بجے پاکستان ٹائم