بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

یاسین ملک کی جلد رہائی کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں،  بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

بھارتی عدالت کے فیصلے سے پتہ چلتا ہے کہ یاسین ملک پر بنائے گئے مقدمات بھی جھوٹے تھے

در آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یاسین ملک کی بھارتی عدالت کی طرف سے جھوٹے مقدمات میں عمر قید کی سزا کے خلاف اور ان کی رہائی کے لیے لنکنز ان میں یاسین ملک کی رہائی کے لیے بنائی گئی ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

لنکنز ان میں ڈیفنس کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یاسین ملک کی جلد رہائی کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فرگذاشت نہ رکھی جائے۔ کیونکہ بھارتی عدالت نے جو غیر منصفانہ فیصلہ دیا ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ یاسین ملک پر بنائے گئے مقدمات بھی جھوٹے تھے اور عدالت کا یہ فیصلہ بھی غلط تھا۔ یاسین ملک جنہیں کوئی وکیل بھی میسر نہیں تھا انہوں نے خود عدالت سے کہا کہ میں 15سال سے سیاسی جدوجہد کر رہا ہوں اور بھارت کے کئی وزرائے اعظم کے سامنے کشمیری عوام کا موقف پیش کیا۔ لہذا یاسین ملک کو جو یہ سزا دی گئی ہے یہ انتہائی غلط اور انصاف کے تقاضوں کے منافی فیصلہ ہے۔ کیونکہ بھارت کی نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی خود ہی تحقیقات کر رہی تھی اور خود ہی پراسیکیوشن اور خود ہی سزا دینے والا ادارہ تھی۔ اس لیے آپ سب بیرسٹرز یاسین ملک کے اس کیس کی تفصیل سے اسٹڈی کر کے اس پر آگے بڑھیں۔ اس موقع پر ڈیفنس کمیٹی نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ ہم نے اس سلسلے میں تمام ضروری دستاویزات حاصل کر کے اپنا کام شروع کر دیا ہے اور ہم اس سلسلے میں یہاں پر سینئر قانونی ماہرین سے بھی مشاورت کریں گے۔ دریں اثنا صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے لنکنز ان میں مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔ یا درہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، سابق برطانوی وزرائے اعظم مارگریٹ تھیچر اور ٹونی بلیر سمیت دیگر بڑی شخصیات بھی یہاں سے فارغ التحصیل ہو چکی ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح کا مجسمہ بھی لنکنز ان میں نصب ہے۔

Back to top button