ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

صحرائے چولستان میں بارش کے بعد شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے

ملک کے بیشتر علاقوں میں بادل کھل کر برس پڑے، گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور اسلام آباد میں برسات سے پہلے ہی بادل کھل کر برسنے لگے، 24 گھنٹے کے دوران لاہور ایئرپورٹ کے علاقے میں پورے ملک میں سب سے زیادہ 107 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد میں گولڑہ کے مقام پر 44 ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔

لاہور میں بھی دن بھر بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں صبح ہلکی بارش ہوئی۔ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، گارڈن اور صدر اولڈ سٹی ایریا میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے علاقے کوہلو میں مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، تحصیل ماوند اور گردونواح کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں سے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔

ملک بھر کی طرح صحرائے چولستان میں بھی بادل برسے، چولستان میں خشک سالی کے بعد پہلی بارش ہوئی ہے، شدید گرمی کی وجہ سے چولستانی باشندوں کے جانور مر رہے تھے، چولستانی باشندے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے تھے، صحرائے چولستان میں بارش کے بعد چولستانیوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

ممکنہ بارشوں اور موسمی حالات کے باعث گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے، این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان میں متعلقہ محکموں کواحتیاطی تدایبر اختیار کر نے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

Exit mobile version