وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت کا موبائل فون صارفین کے تحفظ کیلئے بڑا اقدا م ،صا رفین کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دینے کیلئے پالیسی سازی کا عمل شرو ع کر دیا گیا ہے،پی ٹی اے صارفین کے ڈیٹا کی رازداری کے قوانین کا فوری جائزہ لے گی ،صارفین کی پرائیویسی شہریوں کا بنیادی آئینی حق ہے حکومت اسکی خلاف ورزی کسی قدر اجازت نہیں دے گی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پروزیر اعظم کے مشیر برائے اسٹریٹجک ریفارمز سلمان صوفی نے پاکستان ٹیلی کمیونیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین عامر عظیم باجوہ سے ملاقات کی، جس میں موبائل فون صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ اور مرکیٹرز کی طرف سے بھیجے جانے والے ناپسندیدہ ایس ایم ایس کے حوالے سے مشاورت کی گئی، ملاقات میں دونوں نے شہریوں کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دینے کی فوری پالیسی سازی پر اتفاق کیا۔ سلمان صوفی نے وزیراعظم کی پی ٹی اے کو صارفین کو بھیجے جانے والے مارکیٹنگ کے ناپسندیدہ ایس ایم ایس کے ساتھ ساتھ شہریوں کے رازداری کے قوانین کے فوری جائزے کی ہدایات سے آگاہ کیا۔سلمان صوفی کا کہنا تھاکہ شہریوں کی پرائیویسی ایک آئینی حق ہے اور وزیر اعظم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اس کی خلاف ورزی نہ ہو۔ چیئرمین پی ٹی اے عامر عظیم باجوہ ،وزیراعظم اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ کو اس سلسلے میں ہونے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دینگے۔ پی ٹی اے کی جانب سے مجوزہ اقدامات میں شامل ہے کہ صارف بغیر اجازت موصول ہونے والے میسج بھیجنے والی کمپنی کو رپورٹ کر سکے گا، موبائل صارف کو یہ حق حاصل ہو گا کہ وہ کسی بھی میسج بھیجنے والی کمپنی کو میسج بھیجنے سے منع کر سکے گا جس پر عملدرآمد کمپنی پر لازم ہوگا۔ اسکے علاوہ کمپنی صارف کا ڈیٹا اس کی مرضی کے بغیر کسی اور کمپنی کو نہ دینے کی پابند ہوگی۔