خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے حملہ یکم اور 2 جون کی رات کو دتہ خیل کے علاقے میں کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ جمعرات کو رات گئے ہونے والے حملے پر پاک فوج کے دستوں نے فوری جوابی کارروائی شروع کی اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں سرگودھا سے تعلق رکھنے والا 28 سالہ سپاہی حامد علی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ 30 مئی کو شمالی وزیرستان کے سب ڈویژن رزمک میں فوجی چیک پوسٹ کے ساتھ پارک گاڑی کو خودکش بمبار نے نشانہ بنانے کے دو روز بعد پیش آیا ہے جس میں 2 سیکیورٹی اہلکار اور متعدد بچے زخمی ہوگئے تھے۔
حکام کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار نے اپنی موٹر سائیکل سیکیورٹی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دی تھی۔