آپ نے عمران خان کی گفتگو پر سوموٹو کا اقدام اٹھایا، کل یہ آپ کے سامنے کھڑے ہو گئے تو کیا کرینگے، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان  کا کہنا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے پاکستان کی سیاست بدنام ہوگئی ہے۔کراچی میں  تقدس حرم نبوی جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عدالت سے ایک شکوہ کرنا چاہتا ہوں،چیف ایگزیکٹو نے ایف آئی اے کے افسران کو تبدیل کیا، آپ نے سوموٹو کیوں لیا ؟ کس کے کہنے پر لیا،کیا جلسے میں عمران خان کی گفتگو پر اتنا بڑا اقدام لیا گیا؟  آپ آئیں، آپ حکومت کریں، آپ چیف ایگزیکٹو بن جائیں، عدلیہ کا اپنا کام ہے حکومت کا اپنا کام ہے، آپ ان لوگوں سے ڈرتے ہیں، یہ مخلوق عدالت کے سامنے کھڑی ہوگئی تو کیا کریں گے،عدالت آزادی کے ساتھ فیصلےکرے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک مخصوص لابی اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حق میں تھی، لیکن آپ کی آواز پر پاکستان میں کوئی اسرائیل کو  تسلیم کرنے کی جراءت نہیں کرسکا، ہماری کاوشوں نے اس لابی کو اسرائیل کو تسلیم کرنےکے مؤقف سے پیچھے ہٹنے پر مجبورکیا۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کارکردگی کے لحاظ سے نااہل اور دماغی طور پر بیمار ثابت ہوئے، ہم پاکستان میں کسی یہودی ایجنٹ کو رہنے نہیں دیں گے۔

سربراہ جمعیت علما اسلام کا کہنا تھا کہ  آج کل مشکلات کھڑی کی جارہی ہیں، لیکن جلسیوں سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، جو صادق اور امین بنا ہوا ہے اسے کوئی پیسا دینے کو تیار نہیں، جن کو یہ چورکہتا ہے اس کو پیسا دینے کو دنیا تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سازش اور خط کا بیانیہ ختم ہو گیا تو عمران خان نے زندگی کو خطرے کا بیان دے دیا، عمران خان کو پارلیمنٹ اور عوامی نمائندوں نے مسترد کیا ہے، انھیں کس بات کا شکوہ ہے،عمران خان ملک میں معاشی اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے، ہم عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔

Exit mobile version