پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے پہلے روز مندی
کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی پاکستان اسٹاک ایکسچنج (پی ایس ایکس) میں شدید مندی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار 500 سے زائدپوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جبکہ روپے کے مقابلے ڈالر کی پرواز مسلسل بلند ہے۔
پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق کاروبار کے آغاز میں کے ایس ای 100 انڈیکس 44 ہزار 841 پوائنٹس پر تھا جو دوپہر پونے دو بجے تک 43 ہزار 289 پوائنٹس پر آگیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کاروبار کے پہلے روز کے دوران انڈیکس میں ایک ہزار 335 پوائنٹس کی کمی ہوچکی ہے۔
انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز کے سربراہ برائے ایکویٹیز رضا جعفری کا کہنا ہے کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی وجہ سے مارکیٹ دباؤ کا شکار ہے جبکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام میں تاخیر مندی کی ایک اور وجہ ہے۔
انہوں نے وضاحت دی کہ ’معلوم ہوتا ہے کہ حکومت دوست ممالک سے فنڈ اکٹھے کرنے کے معاملے میں ناکام ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی ایکویٹی مارکیٹ کا دباؤ بھی مندی کے رجحان کی وجہ ہے۔