بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پانامہ اور اقامہ ڈرامے کے فنکار آج ایک جگہ جمع، رانا ثنا اللہ کا عمران ثاقب نثار ملاقات پر تبصرہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ملاقات پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ ’پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا‘، پانامہ اور اقامہ کے ڈرامے کے فنکار آج ایک جگہ جمع ہوگئے.

ان کا کہنا تھاکہ آج دونوں کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہو گیا، صداقت اور امانت کے سرٹیفکیٹ ایک دوسرے کو بانٹنے والے ایک جگہ اکٹھے ہو گئے، نیا پاکستان کا فنکار اور ڈیم کا معمار دونوں کا گٹھ جوڑ سامنے آگیا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک توشہ خانہ کھا گیا، دوسرا ڈیم کے پیسوں کا حساب نہیں دیتا، نواز شریف کے خلاف سازش کے کرداروں کی حقیقت کھل کر سامنے آ گئی ہے۔

خیال رہے کہ لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خواہش پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔

Back to top button