منشیات سمگلنگ کیس میں ملوث چیک ماڈل ٹریزا کو سپریم کورٹ نے بیرون ملک جانے سے روک دیا

سپریم کورٹ نے چیک ریپبلک کی ماڈل ٹریزا کو منشیات اسمگلنگ کیس میں بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

سپریم کورٹ میں جمہوریہ چیک رپبلک کی ماڈل ٹریزا منشیات کیس کی سماعت جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

 وکیل کسٹم وقار  اے شیخ نے کہا کہ  ٹرائل کورٹ نے ملزمہ ٹریزا کو منشیات کیس میں  8 سال کی سزا سنائی تاہم ایپلیٹ عدالت نے ملزمہ کو بری کردیا۔

کسٹم کے وکیل کے مطابق ملزمہ نے ٹکٹ کروا لیا ہے اور 23 اپریل کو بیرون ملک روانہ ہو جائے گی۔

 عدالت نےکسٹم کی اپیل پر ٹریزا کو نوٹس جاری کرکے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی۔

خیال رہےکہ چیک رپبلک کی ماڈل ٹریزا  لاہور ائیر پورٹ سے10 جنوری 2018 کو ساڑھے 8 کلو ہیروئن اسمگل کرتے ہوئےگرفتار ہوئی تھی۔

لاہور کی سیشن عدالت نےمارچ 2019 میں ٹریزا کو منشیات اسمگلنگ کیس میں 8 سال، 8 ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف ماڈل نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

ماڈل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سیشن عدالت نے حقائق کے برعکس منشیات کیس میں سزا کا فیصلہ سنایا، وہ اسلامک اسٹڈیز کے لیے پاکستان آئی تھی۔

نومبر 2021 میں لاہور ہائی کورٹ نے منشیات کیس میں ٹریزا کو بری کر دیا تھا۔

Exit mobile version