بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے پاکستان کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 23 اور 24 مارچ کی درمیانی شب دہشت گردوں نے افغانستان سے پاکستان کی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کی اور اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن پاک فوج کے جوانوں نے موقع پر بروقت جواب دیتے ہوئے کوشش ناکام بنائی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں نے جوابی فائرنگ کی لیکن جوانوں نے بھرپو جواب دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد فرار ہونے میں ناکام ہوئے اور خفیہ اطلاع کے مطابق ان کا بھاری نقصان ہوا تاہم جھڑپ کے دوران جواں مردی سے لڑتے ہوئے 4 سپاہیوں نے شہادت پائی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کی شناخت گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ لانس حوالدار وجاہت اسلم، شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی سجاد عنایت، غذر سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ مقبول حیات اور گلگت بلتستان کے ضلع سکردو سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ سپاہی سجاد علی کے نام سے ہوئی۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیوں سے ہمارے حوصلے مزید مضبوط ہوں گے۔

مزید پڑھیے  اداروں کیخلاف مہم چلانے والوں کی فہرست تیار،گرفتاری کیلئے مشترکہ ٹیمیں تشکیل
Back to top button