کراچی ٹیسٹ، عثمان خواجہ کی سنچری، آسڑیلیا کی گرفت مضبوط
کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز مہمان ٹیم نے عثمان خواجہ کی شاندار سنچری کی بدولت 3 وکٹوں پر 251 رنز بنا کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے مہمان ٹیم کو 82 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن اس مجموعے پر ڈیوڈ وانر 36 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیپر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ اس کے 9 رنز بعد یعنی 91 پر ان فارم بیٹسمین مارنس لبوشین کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹے، انہیں ساجد خان نے رن آئوٹ کیا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز عثمان خواجہ نے ذمہ دارانہ اننگز جاری رکھی جنہوں نے اپنی 11ویں سنچری بنائی۔ سٹیوین سمتھ کے ساتھ انہوں نے 159 رنز کی شراکت بنائی اور ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کروایا۔
جہاں دونوں تجربہ کار بلے بازوں کی پارٹنر شپ قومی ٹیم کے لیے خطرناک دکھائی دے رہی تھی وہاں حسن علی نے نئی گیند کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 72 رنز بنانے والے سمتھ کو سلپ میں کیچ آئوٹ کروادیا اور اس طرح 250 پر آسٹریلیا 3 اہم کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی۔ دن کے اختتام پر عثمان خواجہ 127 اور نیتھن لائن بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود تھے جوآج بیٹنگ کا آغاز کریں گے۔خیال رہے کہ اس میچ میں قومی ٹیم میں حسن علی اور فہیم اشرف کی واپسی ہوئی ہے اور انہیں نسیم شاہ اور افتخار احمد کی جگہ پر کھلایا گیا ہے۔پاکستانی ٹیم میں کپتان بابراعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہرعلی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، نعمان علی، ساجد خان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔آسٹریلیا کی ٹیم میں عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لبوشین،سٹیوین سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، پیٹ کمنز، مچل سٹارک، مچل سوئپسن اور نیتھن لائن شامل ہیں۔