بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد شہید

قصہ خوانی کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد شہید ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں 50 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ دھماکے میں شہید 5 شہداء کی لاشیں لیڈی ریڈنگ اسپتال لائی گئی ہیں جبک ہ زخمیوں کوبھی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق، دھماکے میں زخمی 10 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق، دھماکا جمعے کی نماز کے دوران پیش آیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی بیرسٹرسیف کا کہناہےکہ اطلاع ہے کہ دہشت گردوں نے پہلے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی، دہشت گردوں کا پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ایک دہشت گرد مسجد میں داخل ہوا اورکارروائی کی۔

بیرسٹرسیف نے بتایا کہ زخمیوں کی تعداد 50 تک بتائی جارہی ہے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا ہے جس کےبعد دھماکے کی نوعیت کے بارے میں بتایا جائے گا۔

Back to top button