لاہور قلندرز پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا چیمپئن بن گیا

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل پہلی مرتبہ اپنے نام کیا۔ محمد حفیظ کی نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ جواب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 138 رنزپر ڈھیر ہوگئی ۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کا کوئی بھی بیٹر لاہور قلندرز کے بہترین باؤلنگ اٹیک کے سامنے مزاحمت کرنے میں ناکام رہا ۔ کپتان محمد رضوان اور شان مسعود کی ان فارم اوپننگ جوڑی بھی 41 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ رائیلی روسو اور آصف آفریدی بالترتیب 15 اور ایک اسکور بنا کر زمان خان کا شکار بنے۔ عامر عظمت نے چھ رنز بنائے۔

اس موقع پر ملتان سلطانز کی آدھی ٹیم محض 63 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ ایسے میں ٹم ڈیوڈ نے خوشدل شاہ کے ہمراہ 50 رنز کی شراکت قائم کرکے مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 27 کے انفرادی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔شاہین شاہ آفریدی نے اسی اوور میں ڈیوڈ ویلے کو آؤٹ کرکے میچ میں لاہور قلندرز کی گرفت مزید مضبوط کردی۔ حارث روف نے بھی اگلے ہی اوور میں خوشدل شاہ کو بولڈ کردیا۔ خوشدل شاہ 32 اور ڈیوڈ ویلے صفر پر آؤٹ ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ محمد حفیظ اور زمان خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوگیااور محض 25 رنز پر ابتدائی تینوں بیٹرز آؤٹ ہوکر پویلین واپس چلے گئے۔ عبداللہ شفیق 14، فخر زمان 3 اور ذیشان اشرف نے 7 رنز بنائے۔

ایسے میں تجربہ کار بیٹر محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئےشاندار نصف سنچری اسکور کرکے لاہور قلندرز کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دیا۔ انہوں نے کامران غلام اور ہیری بروک کے ہمراہ بالترتیب 54 اور 58رنز کی شراکت قائم کی۔ کامران غلام 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ہیری بروک اور ڈیوڈ ویزے پر مشتمل جوڑی نے اننگز کے آخری دو اوورز میں 40 رنز اسکور کرکے ٹیم کا مجموعہ 180 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہیری بروک نے 22 گیندوں پرناقابل شکست 41 رنز اسکور کیے۔ ڈیوڈ ویزے 8 گیندوں پر 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 3،3 چھکے لگائے۔

ملتان سلطانز کے آصف آفریدی نے تین جبکہ شاہنواز دھانی اور ڈیوڈ ویلے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Exit mobile version