کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیاہے ۔کنوینر محمد فاروق رحمانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے دفتر میں منعقدہ سیمینار میں کنن پورہ اجتماعی آبروزیری کے المناک واقعے کے حوالے سے بھارتی حکومت اور عدلیہ کے کردار کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ متاثرہ خواتین کو 31برس کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود انصاف نہیں مل سکا اور مجرم بھارتی فوجی آزادانہ گھوم رہے ہیں۔
حریت رہنماوں نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں بیگناہ لوگوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے1989 سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ، ہزاروں کشمیری خواتین کی آبروزیری کی جبکہ لاکھوں لوگوںکو زخمی کیا ہے۔ انہوں نے شہدائے کشمیرکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا شہداکی عظیم قربانیا ں ایک روز رنگ لائیں گی ۔
حریت رہنماوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں بیگناہ کشمیریوں کے قتل کا نوٹس لیکر بھارت کو ریاستی دہشت گردی سے روکے۔