ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے پلے آف مرحلے کے لیے میچ آفیشلز کا تقرر کردیا گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ نے 23 سے 25 فروری تک کھیلے جانے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے پلے آف مرحلے کے لیے میچ ریفریز اور امپائرز کا تقرر کردیا ہے۔
23 فروری کو ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے مابین قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے کوالیفائر میں میچ ریفری کی ذمہ داری روشن ماہنامہ ادا کریں گے۔ اس دوران علیم ڈار اور رچرڈ ایلنگ ورتھ آن فیلڈ امپائرز جبکہ مائیکل گف اور احسن رضا بالترتیب تیسرے اور چوتھے امپائر ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کا پہلا ایلیمنٹر 24 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں ریفری کی ذمہ داریاں آئی سی سی کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے کے سپرد کی گئی ہیں۔ علیم ڈار اور مائیکل گف آن فیلڈ امپائرز جبکہ رچرڈ ایلنگ ورتھ اور راشد ریاض بالترتیب تیسرے اور چوتھے امپائر ہوں گے۔
25 فروری کو شیڈول ایلیمنٹر ٹو کے لیے روشن ماہنامہ کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔ اس دوران رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ علیم ڈار اور آصف یعقوب بالترتیب تیسرے اور چوتھے امپائر ہوں گے۔
ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا، جس کے لیے میچ آفیشلز کا تقرر بعد میں کیا جائے گا۔