بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان سپر لیگ7،ملتان سلطانز کی دہشت برقرار، اسلام آباد یونائیٹڈ کو ڈھیر کردیا

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز نے باؤلرز اور کپتان محمد رضوان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

انجری مسائل سے دوچار اسلام آباد یونائیٹڈ نے اوپنرز کی نئی جوڑی کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تو محمد ہریرہ صرف دو رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

لیام داسن نے وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور 1 گیندوں پر 22 رنز بٹورے لیکن اسی اسکور پر انگلش بلے باز ہم وطن ڈیوڈ ولی کو وکٹ دے بیٹھے۔

ناصر نواز 14 رنز بنا کر عمران طاہر کا شکار بنے جبکہ اعظم خان پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور 18 گیندوں پر آٹھ رنز بنانے کے بعد شاہنواز دھانی کو وکٹ دے بیٹھے۔

دانش عزیز نے 15 گیندوں پر چھ اور کپتان آصف علی نے بھی 2 گیندیں کھیلنے کے باوجود صرف 9 رنز بنائے۔

اننگز کے اختتامی اوورز میں موسیٰ خان نے چند بڑے شاٹس کھیلے اور دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 26رنز کے ساتھ یونائیٹڈ کے سب سے کامیاب بلے باز رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اننگز میں ان کے صرف تین کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 105رنز بنائے۔

معمولی ہدف کے تعاقب میں سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو لیام ڈاسن نے شاندار اسپیل کے ذریعے اپنی ٹیم کی میچ میں جیت کی موہوم سی امید پیدا کردی۔

انگلش اسپنر نے پہلے شان مسعود کو چلتا کیا اور دو گیندوں بعد عامر عظمت کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔

انہوں نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے اپنے اگلے اوور میں خوشدل شاہ کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا اور سلطانز 18 رنز پر تین وکٹیں گنوا بیٹھے تھے۔

اس مرحلے پر کپتان رضوان کا ساتھ دینے ٹم ڈیوڈ آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 43 تک پہنچا دیا لیکن اس سے قبل کہ جارح مزاج ٹم ڈیوڈ مزید خطرناک ثابت ہوتے، زاہد محمود نے ان کا کام تمام کردیا۔

43 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید یونائیٹڈ ایک کم اسکور کے دفاع میں بھی کامیاب ہو جائے گی لیکن کپتان محمد رضوان نے ذمے دارانہ کھیل پیش کر کے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

رضوان نے نئے بلے باز ڈیوڈ ولی کے ساتھ شاندار ساجھے داری قائم کی اور پانچویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 68 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو 16 گیندوں قبل ہی ہدف تک رسائی دلا دی۔

رضوان نے چھکا مار کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے کے ساتھ ساتھ نصف سنچری بھی اسکور کی، انہوں نے 51 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ولی نے 28رنز بنائے۔

اس میچ میں فتح کی بدولت سلطانز نے ایونٹ میں نویں فتح حاصل کر لی اور پاکستان سپر لیگ کے کسی بھی ایڈیشن میں 9 میچز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئے۔

عمران طاہر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اشتہار
Back to top button