ہیری بروکس کا دمادم مست قلندر، اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 27ویں میچ میں لاہور قلندرز نے یک طرفہ مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں بھی برقرار ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 198 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بناسکی۔
اس سے قبل قلندرز نے ہیری بروکس کی سنچری اور فخر زمان کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 میں رنز بنائے۔
ہوم ٹیم کو ابتدا میں ہی فل سالٹ، محمد حفیظ اور کامران غلام کی شکل میں 12 کے مجموعے تک 3 وکٹوں سے محروم ہونا پڑا۔
اس کے بعد ہیری بروکس اور فخر زمان نے یونائیٹڈ کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی، دونوں نے 101 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر بڑے اسکور کی جانب گامزن کردیا تھا۔
اس اسکور پر فخر زمان آؤٹ ہوئے جنہوں نے 41 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
اس کے بعد آنے والے بلے بازوں نے ہیری بروکس کا ساتھ دیا جو پہلے سے ہی یونائیٹڈ کے بولرز پر لاٹھی چارج میں مصروف تھے۔
بروکس نے 10 چوکوں اور 5 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 102 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔
علاوہ ازیں سابق کپتان سہیل اختر نے 15 اور ڈیوڈ ویسا نے 17 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف 3 وکٹیں لے کر کامیاب بولر ٹھہرے، جبکہ ظاہر خان اور لیام ڈاسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔