یوم یکجہتی کشمیرکل منایا جائے گا
اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی غرض سے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستانی قوم کی بھرپور حمایت کے اظہار کیلئے کل (ہفتہ)یوم یکجہتی کشمیرمنایا جائے گا۔
اس روز بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے خلاف بھارتی قابض فوجیوں کے بدترین ظلم و تشدد کو بھی بے نقاب کیا جائے گا۔دن دس بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔اسلام آباد’ مظفر آباد’ گلگت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں یکجہتی واکس کااہتمام کیا جائے گا۔کوہالہ اور پاکستان اور آزاد کشمیر کومنسلک کرنے والے دیگر اہم مقامات پر انسانی زنجیریں بنائی جائیں گی۔ریڈیو پاکستان غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی پروگرام نشر کرے گا۔مظفر آباد میں آزاد جمو ں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے تاکہ غیر قانونی طور پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی مظالم کے شکار لوگوں سے اظہار یکجہتی کیا جا سکے۔صدر ڈاکٹر عارف علوی اجلا س سے خطاب کریں گے۔کشمیر لبریشن سیل اور پاسبان حریت نے کل صبح شہید برہان مظفر وانی چوک مظفر آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی کا اہتمام کیا ہے۔میر پور میں منگلا پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔کشمیریوں کی حالت زار کی طرف عالمی توجہ دلانے کے لئے ریلیاں، جلسے، تقریبات اور سیمینار ہوں گے۔دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم یکجہتی کشمیر کی ریلیوں اور تقریبات میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں تاکہ دنیا کو بھر پور پیغام دیا جا سکے کہ کشمیری عوام کبھی اپنی سرزمین پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو قبول نہیں کر یں گے۔