48ویں پاکستان اوپن گالف چیمپئن شپ،شبیر حسین اپنے اعزاز کے دفاع میں کامیاب

48ویں پاکستان اوپن گولف چیمپئن شپ کا فائنل رائونڈ کراچی گولف کلب میں اتوار کے دن کھیلا گیا۔ پروفیشنلز اور ایمیچئرز کی مشترکہ کیٹگری میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے دفاعی چیمپئن شبیر اقبال نے شاندار کارکردگی پیش کی۔ شبیر نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گذشتہ سال جیتا ہوا اپنا اعزاز دوبارہ جیت لیا۔ٹورنامنٹ کے رنر اپ پی اے ایف اسکائی کلب کے احمد بیگ رہے جن کا تین دن کا مجموعی اسکور 10 انڈر پار رہا ۔ احمد کو 710250 روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ لاہور گیریزن کے مطلوب احمد پانچ انڈر پار کے ساتھ تیسری پوزیشن ھاصل کی ۔ جبکہ پہلے دو روز شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرِ فہرست رہنے والے کراچی کے وحید بلوچ تیسرے دن سے تنزلی کا شکا ر ہوکر چار انڈر پار کے ساتھ آخری روز چوتھی پوزیشن پر رہے۔ سینئر پروفیشنل کیٹگری میں کامرہ کے نثار حسین تین انڈر پار کے ساتھ فاتح رہے۔ پشاور کے نصیر خان اور لاہور کے محمد اکرم چھ اوور پار کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن پر ہیں ۔ جونیئر پروفیشنل کیٹیگری میں لاہور گیریزن کے محمد ثاقب دو اوور پار کے ساتھ فاتح قرار دیے گئے۔ جبکہ ایئر مین گولف کلب کے نبیل خان دس اوور پار کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ کراچی گالف کلب سے تعلق رکھنے والے ایمیچئر عمر خالد پروفیشنلز کے درمیان مقابلہ کرتے ہوئے آٹھ اوور پار کے ساتھ 30ویں پوزیشن پر ہیں۔ ایک باوقار تقریب میں کھلاڑیوں کو ٹرافی اور انعامی رقوم دی گئیں۔ تقریب کے میزبان وفاقی سیکریٹری دفاع اور پاکستان گولف فیڈریشن کے صدر لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ میاں ہلال حسین نے کہا کہ پاکستان میں گولف کا نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آرہا ہے۔ خواتین اور بچوں میں بھی گولف یکساں مقبول ہورہا ہے۔ پاکستان کے تمام 52 گولف کورسز میں 14 بیں الاقوامی میعار کے حامل ہیں۔ پاکستان میں سالانہ چودہ کروڑ کی رقم گولف کے مقابلوں میں بطور انعامی رقم تقسیم ہوتی ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان گولف فیڈریشن اور کراچی گالف کلب کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کامیاب کھلاڑیوں کو شاباش دی اور تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ 48ویں پاکستان اوپن گولف چیمپئن شپ کے اسپانسر اور یونائیٹد میرین ایجنسیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سہیل شمس نے فاتح کھلاڑیوں اور کراچی گولف کلب کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ کراچی گولف کلب کے بہترین سر سبز گولف کورس پر پاکستان کے اعلٰی ترین گولفرز نے زبردست انداز میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کراچی کے خوشگوار موسم نے کھیل کو اور دلچسپ بنا دیا ۔ پاکستان گولف ایسوسی ایشن کے کیلینڈر پر اہم ترین پاکستان اوپن گولف چیمپئن شپ کی مجموعی انعامی رقم اس سال دس ملین روپے تھی ۔

Exit mobile version