گلین میکسویل نے بگ بیش ٹی ٹوئنٹی میں نئی تاریخ رقم کردی
آسٹریلوی بیٹر گلین میکسویل بگ بیش میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے بیٹر بن گئے۔
گلین میکسویل نے بدھ کے روز آسٹریلین ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے ہوبارٹ ہیریکنز کے خلاف ناقابل شکست 64 گیندوں پر ریکارڈ 154 رنز کی اننگز کھیلی۔
ان کی اس برق رفتار اننگز میں 22 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز کی یہ اننگز بگ بیش کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے، اس سے قبل آسٹریلیا کے ہی مارکس اسٹوئنس نے 147 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
اس کے علاوہ اس میچ میں میلبرن اسٹارز نے ہوبارٹ ہیریکنز کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے جو کسی بھی فرنچائز لیگ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا مجموعی اسکور ہے۔
واضح رہے کہ میکسویل کی ریکارڈ اننگزاور ہوبارٹ کے خلاف 106 رنز سے فتح کے باوجود میلبرن اسٹارز کی ٹیم پلے آف کے لیے کوالیفائی نہ کرسکی۔