شہباز شریف کی بیٹی اور داماد اشتہاری قرار

احتساب عدالت لاہور نے پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی، ایرا اور سرکاری محکموں کے فنڈز کی خورد برد کے کیس میں مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران یوسف کو اشتہاری قرار دے دیا۔

لاہور کی احتساب عدالت نے رابعہ عمران اور عمران یوسف کے دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیئے اور دونوں ملزمان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

احتساب عدالت لاہور نے حکم دیا کہ دونوں ملزمان کی گرفتاری اور عدالت میں پیشی تک وارنٹِ گرفتاری قائم رہیں گے۔

عدالت نے حکم میں کہا کہ ملزمان شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کو اشتہاری قرار دینے سے پہلے پیشی کے لیے 30 روز کی حتمی مہلت دی گئی، تاہم دونوں نے اس عدالتی رعایت سے فائدہ نہیں اٹھایا۔

واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت میں رابعہ عمران اور عمران یوسف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر ہے، جس میں منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

نیب کی جانب سے دائر کیے گئے ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ارتھ کوئیک ری کنسٹرکشن اینڈ ری ہیبلی ٹیشن اتھارٹی کے فنڈز نجی کمپنی کو منتقل کیے گئے، جس نجی کمپنی کو فنڈز منتقل کیے گئے اس کے مالک رابعہ اور عمران یوسف ہیں۔

Exit mobile version