پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے میں شہدا کا خون شامل،ہر صورت مکمل کرینگے،پاک فوج

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ پاک ۔ افغان سرحد پر باڑ لگانے کے عمل میں ہمارے جوانوں کا خون شامل ہے جس کو ہر صورت میں مکمل کیا جائے گا۔

میجر جنرل افتخار کی سال 2022 کی پہلی پریس کانفرنس اس وقت سامنے آئی جب دنیا میں مقبوضہ جموں و کشمیر کا یوم حق خود ارادیت منایا جارہا ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ‘بھارتی فوج، دہشت گردی کے نام پر مظلوم کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے جبکہ بھارت، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اردگرد بسنے والے لوگوں کو شہید کرچکا ہے، ایل او سی پر پورا سال امن رہا، بھارت کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کا سب سے بڑا فائدہ یہ تھا کہ وہاں رہنے والے مقامی لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئی، لیکن ساتھ ہی بھارتی فوجی قیادت کی جانب سے الزام تراشی اور جھوٹا پروپیگنڈا مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانے کے مخصوص ایجنڈے کی طرف اشارہ کرتا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ بھارت، مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی مظالم سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے جبکہ اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی محاصرہ جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارڈر مینجمنٹ کے تحت پاک ۔ افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا مقصد دونوں ممالک کی سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے، باڑ لگانے کا کام 95 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے، باڑ لگانے کے عمل میں ہمارے جوانوں کا خون شامل ہے جس کو ہر صورت میں مکمل کیا جائے گا۔

Exit mobile version