بلدیاتی انتخابات میں نالائقیوں کے سبب ہارے،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں نالائقیوں کے سبب ہارے، آئندہ سفارش یا رشوت ستانی برداشت نہیں ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈاپور سمیت دیگر بھی شریک تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں وزیراعلیٰ نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ناکامی سے متعلق رپورٹ پیش کی جس میں ناکامیوں کی وجوہات بتائی گئیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کے پی الیکشن بد انتظامی کی وجہ سے ہارے، اپنی ہی پارٹی کے ارکان ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑے۔
ذرائع نے رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ بلدیاتی الیکشن میں روایتی سیاست اور موروثی مسائل بھی شکست کی وجہ بنے جبکہ ٹکٹوں کی تقسیم بھی بلدیاتی انتخابات میں ناکامی کی وجہ قرار دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پارٹی امیدواروں کا بہترین چناؤ نہ ہونے سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے نامزد امیدواروں سے اختلاف رکھا اوربلدیاتی الیکشن میں پارٹی منظم نظر نہیں آئی۔
وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات میں ناکامی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا ہماری بیس لائن ہے، یہاں اندرونی نالائقیوں کے سبب ہم ہار گئے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں کسی قسم کی سفارش یا رشوت ستانی برداشت نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کے پی کے آئندہ مرحلے میں خود امیدواروں کے چناؤ کا فیصلہ کرلیا اور وزیراعلیٰ کو پی ٹی آئی کارکنوں کو منظم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہمیں پہلے مرحلے کے نتائج سے سبق سیکھنا ہو گا، پارٹی کے اندرونی اختلافات کا فائدہ مخالفین کو ہوا۔
خیال رہے کہ 19 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام نے مخالفین کو اپ سیٹ شکست دی ہے۔
4 میں سے 3 شہروں کے میئرز کی نشستیں جیت گئے جس میں تحریک انصاف کا گڑھ سمجھے جانے والا صوبائی دارالحکومت پشاور بھی شامل ہے۔
تحریک انصاف ایک بھی سٹی میئر کا انتخاب نہیں جیت سکی ہے۔