پنجاب کی ضلعی انتظامیہ کریانہ ریٹیلرز اور خاندانوں کے ساتھ جاری رجسٹریشن مہم میں تعاون کریں

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی چیف سیکرٹری پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کو احساس راشن رعایت رجسٹریشن پربریفنگ

وزیر اعظم کی معاون خصوصی  سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے چیف سیکرٹری پنجاب، کامران علی افضل کے ہمراہ احساس راشن رجسٹریشن پر بریفنگ  سے  متعلق  اجلاس  کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈی جی سوشل ویلفیئر، سیکرٹری خوراک، پنجاب کے تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ بریفنگ میں پنجاب کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ جاری احساس راشن رجسٹریشن مہم کے تحت کریانہ ریٹیلرز اور خاندانوں کی رجسٹریشن کو تیز کرنے کے لیے تفصیلی پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

احساس راشن پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے، ڈاکٹر ثانیہ نے پنجاب کی ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ کریانہ ریٹیلرز اور خاندانوں کے ساتھ جاری رجسٹریشن مہم میں تعاون کریں۔ انہوں  نے  کہا، "احساس راشن پروگرام کا کامیاب رول آوٹ ان بورڈنگ کریانہ اسٹورز پر منحصر ہے جو فی الحال ڈیجیٹل ایکو سسٹم کا حصہ نہیں ہیں۔ حکومت سبسڈی کی رقم اور 8% خصوصی کمیشن کریانہ ریٹیلرز کو براہ راست ان کے بینک اکاونٹس میں فراہم کرے گی۔ ہر سہ ماہی میں، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کریانہ مالکان کو کاروں، موٹر سائیکلوں، موبائل فونز اور دیگر کئی انعامات سے نوازنے کے لیے لکی  قرعہ  اندازی بھی کی  جائے  گی”۔

اجلاس کے دوران، پنجاب کے تمام کمشنرز اور ڈی سیز کو احساس راشن کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے کم آمدنی والے علاقوں میں آگاہی مہم چلانے کی ترغیب دی گئی، تمام مقامی تاجر انجمنوں کے ساتھ میٹنگ کر کے انہیں پروگرام سے آگاہ کیا گیا اور ان سے کہا گیا کہ وہ اپنے ممبر کریانہ اسٹورز کی حوصلہ افزائی کریں۔ پروگرام کے لیے رجسٹر ہوں، پروگرام کے بارے میں ان کے سوالات کے جوابات دینے کے لیے کریانہ اسٹورز پر جائیں، اور ممکنہ شرکا کو پروگرام کی تشہیر کریں۔

پروگرام کے تحت، 20 ملین مستحق خاندان آٹا، گھی/کھانے کے تیل اور دالوں پر ماہانہ 1,000 روپے کی سبسڈی حاصل کریں گے۔ کریانہ ریٹیلرز بھی ویب پورٹل: https://ehsaasrashan.pass.gov.pk/ کے ذریعے پروگرام میں  اندراج  کراسکتے ہیں۔ کریانہ ریٹیلرز کے پاس رجسٹریشن کے لیے بینک اکاونٹ ہونا ضروری ہے۔ جن کے بینک اکاونٹ نہیں ہیں وہ اکاونٹ کھولنے کے لیے  این بی پی کی کسی بھی برانچ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

کریانہ کے ریٹیلرز اپنے سیل فونز میں موبائل پوائنٹ آف سیل ایپ انسٹال کر کے پروگرام میں شرکت کر سکیں گے جس کے لیے وہ  این بی پی  سے تربیت حاصل کریں گے۔

چیف سیکرٹری پنجاب اور ضلعی انتظامیہ نے احساس راشن پروگرام کو بڑے پیمانے پر سراہا اور اس کی رجسٹریشن مہم کے لیے مکمل تعاون کو یقینی بنایا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں رجسٹریشن مہم کو ٹریک کرنے کے لیے باقاعدہ ہفتہ وار اجلاس بلایا جائے گا۔محمد علی شہزادہ، سیکرٹری تخفیف  غربت  و  سماجی  تحفظ ڈویژن (PASSD)، کیپٹن (ریٹائرڈ)سعید احمد نواز، ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری، ہمایوں سجاد، چیف ڈیجیٹل آفیسر، نیشنل بینک آف پاکستان ( این بی پی) اور بینک کے دیگر سینئر افسران نے بھی بریفنگ میں شرکت کی۔

Exit mobile version