پنجاب کے ضلع خانیوال کے حلقہ پی پی206 کے ضمنی الیکشن کا معرکہ ن لیگ نے جیت لیا اور اپنی نشست دوبارہ حاصل کرلی جبکہ شوہر کے انتقال کے بعد ن لیگ کے بجائے پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے ضمنی الیکشن لڑنے والی نورین ڈاہا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تمام 183 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے رانا محمد سلیم 47649 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
پی ٹی آئی کی نورین نشاط 34030 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار سید واثق 15059 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی، یہ نشست مسلم لیگ ن کے رہنما نشاط احمد ڈاہا کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی لیکن ان کی اہلیہ نورین نشاط ڈاہا نے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا۔
ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے میر واثق اور ن لیگ کے رانا سلیم اور دیگر امیدوار میدان میں تھے۔
الیکشن جیتنے پر مریم نواز نے کارکنوں اور رانا محمد سلیم کو مبارکباد دی۔