ڈھاکہ ٹیسٹ، بنگلہ دیش کو شکست، پاکستان کا مشن کلین سویپ مکمل

پاکستان نے ڈھاکا ٹیسٹ میں بنگلا دیش کو شکست دیکر  دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز  میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔  

ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلا دیش کی ٹیم دوسری اننگز  میں 205 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستانی بولرز نے دوسری اننگز میں بھی شاندار  گیند بازی کی اور صرف شکیب الحسن پاکستان کے خلاف نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے اور انہیں 63 رنز پر ساجد خان نے بولڈ کیا جبکہ مشفیق الرحیم دوسری اننگز میں بھی رن آؤٹ ہوئے اور انہوں نے 48 رنز بنائے۔

ساجد خان نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو دو وکٹیں شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کے حصے میں  آئیں۔

ساجد خان نے میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں اور وہ پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ میچ میں 12 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی آف اسپن بولر بن گئے ہیں۔ 

پانچویں روز کھیل کے دوسرے ہی اوور میں ساجد خان نے تیج الاسلام کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا جبکہ اگلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے خالد احمد کو بولڈ کر دیا۔

ساجد خان نے بنگلا دیش کے تجربہ کار بلے باز شکیب الحسن کو آؤٹ کر کے اننگز میں 8 وکٹیں حاصل کیں اور بنگلا دیش کو فالو آن کا شکار کرنے میں اہم کر دار ادا کیا۔ 

بنگلا دیش کی جانب سے شکیب الحسن 33 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ نجم الحسن شنٹو نے 30 رنز بنائے، میزبان ٹیم کے 9 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ ساجد خان نے 42 رنز دیکر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی اور ایک بنگلا دیشی بلے باز رن آؤٹ ہوا۔

کھیل کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 300 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔  پاکستان کی جانب سے بابر اعظم، اظہر علی، فواد عالم اور  محمد رضوان  نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

Exit mobile version