سندھ ہائیکورٹ نے فریال تالپور کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی
سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو 25 لاکھ روپے زرضمانت کے عوض بیمار بیٹی سے ملنے کیلئے برطانیہ جانے کی اجازت دے دی۔
سندھ ہائیکورٹ میں فریال تالپور کو بیرون ملک سفر کی اجازت کیلئے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔
فریال تالپور کے وکیل کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس ریفرنس کے باعث فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا، شاہدخاقان عباسی اور دیگر رہنماؤں کے خلاف اربوں روپے کے کیسز ہیں، انہیں بھی بیرون ملک سفر کی اجازت دی جاتی ہے جبکہ فریال تالپور پر صرف تین کروڑ روپے کا الزام ہے۔
نیب کا عدالت میں کہنا تھا کہ فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں شامل ہے تاہم تیمار داری کیلئے ایک بار ضمانت جمع کرواکر جانے پر اعتراض نہیں ہے۔
عدالت نے وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کی جانب سے کمنٹس نا آنے پربرہمی کا اظہار کیا اور جسٹس کے کے آغا نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ اس بینچ میں طویل عرصے سے پیش ہورہے ہیں، جانتے ہیں تاخیر برداشت نہیں۔
عدالت نے فریال تالپورکوبیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا جبکہ عدالت نے فریال تالپورکو25 لاکھ روپے زرضمانت جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔
عدالت نے آج کے حکم نامے کی نقول سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو ذاتی طور پر بھجوانے کی بھی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ عدالت نے فریال تالپورکانام ای سی ایل سے مستقل خارج کرنے کی درخواست پر 19 جنوری کو دلائل طلب کرلیے۔
خیال رہےکہ فریال تالپور کا درخواست میں کہنا تھا کہ بیٹی کی تیمارداری کیلئے ایک بار4 ہفتوں کیلئے برطانیہ جانے کی اجازت دی جائے۔
واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں 27 دسمبر 2018 کوفریال تالپورکا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیاتھا۔