اے بی ڈی ویلیئرز نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
جارح مزاج بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے سوشل میڈیا کے ذریعے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جس کے بعد ان کا 18 سال سے زائد عرصے پر محیط ناقابل یقین کیرئیر ختم ہو گیا۔
اے بی ڈی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے لیکن میں نے تمام کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اپنے گھر کے پچھلے صحن میں میرے بڑے بھائیوں کے ساتھ شروع ہونے والی کرکٹ سے لے کر آج تک میں نے یہ کھیل خالص لطف اور جوش کے ساتھ کھیلا ہے، اب 37 سال کی عمر میں، وہ شعلہ اب اتنا تیز نہیں جلتا ہے۔‘
ڈی ویلیئرز کے مطابق ’یہ وہ حقیقت ہے جسے مجھے قبول کرنا چاہیے اور ہو سکتا ہے یہ بہت اچانک لگے اسی لیے میں آج یہ اعلان کر رہا ہوں، میں نے اپنا وقت گزار لیا ہے اور کرکٹ میرے ساتھ غیر معمولی طور پر مہربان رہی ہے۔‘
2004 میں اپنے بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کرنے کے بعد اے بی ڈی ویلیئرز نے 114 ٹیسٹ، 228 ون ڈے اور 78 ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کی، تمام فارمیٹس میں انہوں نے 20014 رنز بنائے اور ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں میں ان کی اوسط 50 سے زیادہ رہی۔
یاد رہے کہ انہوں نے مئی 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
ڈی ویلیئرز کی قیادت میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2015 کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی لیکن اسے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اپنے شاندار کیرئیر میں حاصل کیے گئے کئی ذاتی اعزازات میں سے ڈی ویلیئرز کے پاس سب سے زیادہ آئی سی سی ون ڈے پلیئر آف دی ائیر ایوارڈز کا مشترکہ ریکارڈ ہے۔
ورات کوہلی اور ڈی ویلیئرز یہ ایوارڈ تین تین مرتبہ جیت چکے ہیں۔