میٹرو سٹیشن سے ملنے والی بچی کی لاش کا قاتل باپ ہی نکلا
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ ہفتے میٹرو اسٹیشن سے ملنے والی کمسِن بچی کا مبینہ قاتل اس کا سگا باپ نکلا، پولیس کا دعویٰ ہےکہ ملزم نے تفتیش میں جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے ۔
اسلام آباد کے تھانہ رمنا کی حدود سے 8 نومبر کی صبح میٹرو اسٹیشن کے واش روم سے پولیس کو تقریباً 12 سال کی بچی کی لاش ملی تھی۔
پولیس ایک ہفتے تک بچی کے لواحقین کو تلاش کرتی رہی، پولیس کے مطابق اس دوران مظفر آباد سے تعلق رکھنے والے ترلائی کے رہائشی واجد نے پولیس سے رابطہ کیا اور بتایا کہ بچی اس کی بیٹی ہے جس کا نام صالحہ فاطمہ ہے جو گولڑہ دربار سے لاپتہ ہوئی تھی۔
پولیس کا دعویٰ ہےکہ تفتیش کے دوران بچی کے والدکو واقعے میں ملوث ہونےکے شبہ میں گرفتار کیا گیا تو ملزم نے اقبال جرم کرلیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ واجد نے قتل کرنے والا مقام بھی تفتیشی ٹیم کو دکھا دیا،ملزم کی نشاندہی پر واردات کی جگہ سے مقتول بچی کےکپڑے برآمد کرلیےگئے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔